17 جون 2023 - 17:36
ایران کے ساتھ تعاون خطے اور عالم اسلام کے مفاد میں ہے ۔۔۔ بن فرحان

سعودی وزیر خارجہ تہران کے دورے پر ہیں، اور انھوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سے بات چیت کے بعد دورہ تہران سے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا اور کہا: ریاض_تہران تعاون خطے اور عالم اسلام کے مفاد میں ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آج ـ ہفتہ 17 جون 2023ع‍ کو ـ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی دعوت پر  تہران کے دور پر آئے ہیں۔

فیصل بن فرحان اور حسین امیر عبداللہیان نے دو طرفہ بات چیت کے بعد مشترکہ اخباری کانفرنس میں شرکت کی اور بن فرحان نے کہا: ایرانی حکام کے ساتھ ہونے والے مذاکرات مثبت اور روش تھے۔

سعودی اخباری چینل "العربیہ" نے بن فرحان کے حوالےسے رپورٹ دی ہے کہ ان کا یہ دورہ ریاض_تہران تعلقات کی بحالی کے سلسلے میں ہونے والے ـ بیجنگ میں منعقدہ ـ دو طرفہ سمجھوتے کو مکمل کرنا ہے۔ میں تہران میں اپنی موجودگی سے بہت خوش ہوں، اور ہم تہران میں سعودی سفارت خانے کا افتتاح کریں گے۔

انھوں نے سعودی سفارت خانے کے افتتاح کا امکان فراہم کرنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا: دو ملکوں کے درمیان تعلقات کی بحالی بنیادی مقصد ہے اور ہمیں امید ہے کہ دو ملکوں کے درمیان تعلقات کی بحالی خطے اور عالم اسلام پر مثبت اثرات مرتب کرے گی۔

سعودی وزیر خارجہ نے علاقائی سلامتی، ـ بالخصوص بحری سلامتی اور خطے کو بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے پاک کرنے ـ کے لئے سعودی عرب اور ایران کے تعاون کی اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سے بھی ملاقات کروں گا، اور انہیں سعودی بادشاہ اور ولیعہد کا سلام پہنچاؤں گا اور ان سے سعودی عرب کے دورے کی درخواست کروں گا۔

اسلامی جمہوریہ ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ، دو طرفہ سمجھوتے اور تعلقات کی بحالی کے بعد، دو مرتبہ ـ بیجنگ اور کیپ ٹاؤن میں ـ ملاقات اور بات چیت کر چکے ہیں۔ سعودی وزیر خارجہ نے کیپ ٹاؤں میں امیر عبداللہیان کے ساتھ ملاقات کے دوران اعلان کیا تھا کہ وہ عنقریب تہران کا دورہ کریں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110